کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی ملاقات کی جس میں کراچی سرکلر ریلوے اور سب اربن ٹرین سروس بحال کرنے اور ریلوے اراضی پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کا بھی فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کراچی کو فوری طور پر مؤثر اور سستی پبلک ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے ، وزیر ریلوے نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ریلوے نظام کو جدید اور قابلِ اعتماد بنایا جائیگا ، شرجیل میمن نے بتایا کے سی آر کی بحالی کے بعد بی آر ٹی بسیں فیڈر سروس کے طور پر کام کریں گی ، وزیر ریلوے حنیف عباسی کی ملیر ہالٹ انڈر پاس کی تعمیر کیلئے این او سی جاری کرنے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وزیر اعلیٰ ہاوس میں ملاقات کی اور مضافاتی ٹرین سروسز کی بحالی، کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر)کی بحالی، پرانی ریلوے پٹریوں کی مرمت، کراچی روہڑی اور کراچی جیکب آباد (بذریعہ کوٹری اور دادو) روٹس پر نئی ٹرین سروسز کے آغاز اور کراچی میں شہری نقل و حمل اور ماحولیاتی پائیداری بہتر بنانے کے لیے ریلوے ٹریکس کے ساتھ گرین کوریڈورز کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران خصوصا کراچی میں مضافاتی ٹرین سروسز کی بحالی اور پائیدار آپریشن پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ بڑھتے ہوئے شہری ٹرانسپورٹ مسائل سے نمٹا جا سکے۔