لاہور(آصف محمود بٹ)واٹس ایپ ہیکنگ کے ذریعے فراڈ میں خطرناک اضافہ، ہنگامی ایڈوائزری جاری۔حکام کے مطابق فراڈیے عوامی طور پر دستیاب معلومات جیسے نام، عہدہ اور تصاویر استعمال کر کے قابلِ یقین ڈیجیٹل شناخت تیار کرتے ہیں۔سرکاری افسران کے اکاؤنٹس ہیک کر کے مالی معاونت کے جعلی پیغامات بھیجے جانے لگے ،تمام محکموں کو چوکس رہنے کی ہدایت۔ پنجاب کے محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر میں واٹس ایپ ہیکنگ اور نقالی پر مبنی فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ایک ہنگامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام انتظامی محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ایڈوائزری میں سینئر بیوروکریسی، پولیس حکام اور فیلڈ فارمیشنز کو متنبہ کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں متعدد ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جن میں حاضر سروس سرکاری افسران کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے۔ حکام کے مطابق سائبر مجرموں نے ان اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کر کے متعلقہ افسران کے رابطوں، بالخصوص ساتھیوں اور ماتحت عملے کو جعلی پیغامات بھیجے جن میں ہنگامی مالی مدد کی درخواست کی گئی۔