• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوشدل کی چھکوں سے یلغار، پانسہ پلٹ دیا، کنگز کیمپ میں اجالا، قلندرز کو اہم میچ میں شکست

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان سپر لیگ گیارہ میں خوشدل شاہ کی چھکوں سے یلغار نے بازی پلٹ دی، اہم میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف چھ وکٹ سے جیت نے کنگز کے کیمپ میں اجالا کردیا، کراچی کنگز نے پلے آف کی امیدیں روشن رکھیں ۔ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز پلے آف میں جگہ پکی کرچکی ہیں۔مسلسل پانچ شکستوں کے بعد کامیابی نے ٹیم میں نئی جان ڈال دی۔ قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر محمد فاروق 18 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد فخر زمان اور عبداللّٰہ شفیق نے دوسری وکٹ پر 110 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر زمان 41 گیندوں پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عبداللّٰہ شفیق 36 گیندوں پر 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بیٹرز میں ڈینئل سیمز 20 اور سکندر رضا 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کی جانب سے معین علی نے 26 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ رضوان اللّٰہ اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ محمد حمزہ نے چار اوورز میں 49 رنز دیے۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ کا آغاز بھی زیادہ مستحکم نہ تھا، جیسن رائے 9 اور ریزا ہینڈرکس 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کو سنبھالا اور 44 گیندوں پر 63 ناٹ آؤٹ رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور نو چوکے شامل تھے۔خوشدل شاہ نے انتہائی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر 44 ناٹ آؤٹ رنز بنائے، جس میں پانچ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ ان کی برق رفتار اننگز نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔لاہور کے عبید شاہ نے 41 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی مہنگے ثابت ہوئے چار اوورز میں 51 رنز دے بیٹھے۔دونوں ٹیموں نے نو، نو میچ کھیل کر چار، چار جیتے ہیں جبکہ پانچ، پانچ میں شکست ہوئی۔ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز اپنے آخری لیگ میچ بالترتیب کوئٹہ اور پشاور زلمی کے خلاف کھیلیں گے۔

اسپورٹس سے مزید