کراچی (عبدالماجد بھٹی)بہت دیر کردی مہربان آتے آتے؛ پاکستان سپر لیگ الیون میں لگاتار 8 میچ ہارنے کے بعد راولپنڈیز کی قسمت کا ستارہ چمک اٹھا اور اس نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف لیگ کا پہلا میچ 6 وکٹ سے جیت لیا۔ راولپنڈیز کی جیت سے اسلام آباد کے لیے تھوڑی مشکل ضرور ہوئی ہے، تاہم ان کا سفر ابھی باقی ہے اور وہ 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ہدف کے تعاقب میں ڈیرل مچل 25 گیندوں پر 32 اور ڈین فوریسٹر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ راولپنڈیز کے عبداللّٰہ فضل صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان اور کامران غلام نے دوسری وکٹ پر 78 رنز کی شراکت قائم کی۔ کامران غلام نے 30 گیندوں پر 42 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔ محمد رضوان 38 گیندوں پر 45 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بنے، انہوں نے ایک چھکا اور پانچ چوکے مارے۔ رضوان گزشتہ 20 اننگز میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہیں کر سکے۔اس سے قبل راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم آخری گیند پر صرف 137 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ڈیون کونوے نے 33 گیندوں پر 40 رنز (دو چھکے اور تین چوکے) بنائے۔ کرس گرین نے 16 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں مارک چیپمین 23، سمیر منہاس 6، محمد فائق 5، کپتان شاداب خان 1، حیدر علی 6، فہیم اشرف 11 اور محمد حسنین صفر پر آؤٹ ہوئے۔ راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر، ڈین فوریسٹر اور سعد مسعود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔