• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقلیتی برادری، خصوصی افراد کو کھیلوں کے مساوی مواقع دے رہے ہیں، تاج ترند

پشاور (خصوصی نامہ نگار) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل وامور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس ضم اضلاع کے زیر اہتمام گیمز کے والی بال مقابلوں کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل محمد آصف، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدر، ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع عمر ارشد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاج محمد خان ترند نے کہا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق ضم اضلاع میں بڑے کھیلوں کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری اور خصوصی افراد کو بھی کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، ضلع خیبر ماضی میں بھی بڑے کھیلوں کی میزبانی کر چکا ہے جو یہاں کھیلوں کے فروغ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں صوبے بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کئے جا رہے ہیں جبکہ جہاں سہولیات کی کمی ہے وہاں نئی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔ مشیر کھیل نے کہا کہ جمرود سپورٹس کمپلیکس کی تمام کمیوں کو دور کیا جائے گا اور ضروری آسامیوں پر بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔ ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کا مقصد عوام کو قانون سازی کے عمل سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنے نمائندوں کی کارکردگی خود دیکھ سکیں۔ ضم اضلاع میں جاری کھیلوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مختلف گیمز میں مجموعی طور پر تقریباً 900 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ میجر گیمز (کرکٹ، فٹبال، والی بال) میں 644، مائینارٹی گیمز (والی بال، بیڈمنٹن) میں 200 جبکہ خصوصی ایونٹس میں 28 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، مقابلے تمام اضلاع اور اب ڈویژنوں میں جاری ہیں۔
پشاور سے مزید