پشاور (نیوزرپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج پشاور محمدآصف نے قتل کے ایک مقدمہ میں نامزد میاں بیوی کو بری کرتے ہوئے ناقص تفتیش پر پشاور پولیس کے دوافسران کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکےاسے مدعی مقدمہ کو اداکرنے کے احکامات جار ی کردیئے ۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان الماس اور اسکی بیوی پر الزام ہے کہ انھوں نے تھانہ پشتخرہ کی حدود میں جابر اللہ نامی شخص کو قتل کیا۔ ابتدائی طور پر مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی جبکہ بعدازں تفتیش کے دوران ملزمان الماس اور اسکی بیوی کو نامزدکردیاگیاتا ہم بعد میں دونوں ملزمان ضمانت پر رہاہوئے۔پولیس کی جانب سے تفتیش مکمل ہونے پر چالان عدالت میں جمع کرادیا گیاجس کے بعد ملزمان کاٹرائل شروع ہوا،گزشتہ روز کیس کا ٹرائل مکمل ہونے پر ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کردیاگیا،دوسری جانب عدالت نے تفتیشی آفیسر پولیس انسپکٹر فضل ربی اور محررشاہد علی شاہ کو ناقص تفتیش پردفعہ 250کے تحت پچاس پچاس ہزارروپے جرمانہ عائد کردیاجو مدعی کو اداکیاجائے گاجبکہ عدالت نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو مذکورہ دونوں پولیس افسران کے خلاف باقاعدہ طور پر انکوائری کرانے او ر قصوروار ثابت ہونے پر ان کے خلاف قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کردی۔ حکم نامہ کے مطابق مدعی کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو رقم کی وصولی کے لیے درخواست دائر کریں۔