پشاور (خصوصی نامہ نگار) سید فخرجہاں اورمزمل اسلم نے انسداد منشیات جاری رکھنےکی ہدایت کردی ،خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان اور مشیر خزانہ مزمل اسلم نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کی ادارہ جاتی استعداد کی مضبوطی کیلئے مالی و افرادی ضروریات کو پورا کرنے سے متعلق امور کے حوالے سے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا خالد الیاس، ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم خان سمیت محکمہ خزانہ و ایکسائز کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مشیر خزانہ کو محکمہ ایکسائز کے پیشہ ورانہ ذمہ داروں اور مینڈیٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اس طرح ریونیو کولیکشن اور صوبہ بھر میں انسداد منشیات کے حوالے سے محکمہ کی متعین ذمہ داریوں کو بلا کسی تعطل اور احسن انداز میں سرانجام دہی میں درپیش مالی اور افرادی قوت کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے دفاتر، تھانوں اور سکواڈ کی ضروریات پوری کرنے کی گزارش کی گئی۔۔ مشیر خزانہ نےہدایت کی کہ محکمہ ایکسائز اور کیپرا ہوٹلز سیلزٹیکس کے محاصل کو ایک ہی کولیکشن ایجنسی کے ذریعے اکھٹا کرنے کیلئے ایک جامع اور موثر طریقہ کار مرتب کرنے کیلئے مل بیٹھ کر ہوم ورک کیا جائے جبکہ اس مد سے حاصل ہونے والی آمدنی ایکسائز ہی کے ہیڈ میں آئے گی۔