کوئٹہ ( خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں نے نواں کلی، سریاب روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن، پٹیل روڈ اور دیگر علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 16 یونٹس کی انسپکشن کی، جن میں 8 واٹر پلانٹس کو سربمہر کیا گیا۔ نواں کلی میں 3 واٹر پلانٹس بند کیے گئے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سیل کیے گئے یونٹس میں زیادہ تر بغیر پروڈکٹ رجسٹریشن اور بی ایف اے لائسنس کے کام کر رہے تھے۔ کئی واٹر پلانٹس میں ناقص صفائی، آلودہ پانی کے ذخائر، الجی زدہ ٹینکس، اور غیر معیاری فلٹریشن سسٹم استعمال کیا جا رہا تھا۔ علاوہ ازیں بوتلوں پر غلط یا غیر واضح لیبلنگ، تیاری و معیاد کی تاریخ درج نہ ہونا، اور مختلف برانڈز کے لیبلز کا غیر قانونی استعمال بھی پایا گیا۔ بعض یونٹس میں ورکرز کے پاس حفاظتی لباس (PPE) موجود نہیں تھا۔سیٹلائٹ ٹاؤن میں کارروائی کے دوران ناقص مینگو جوس تیار کرنے والا ایک یونٹ بھی پکڑا گیا جہاں پراڈکٹ رجسٹریشن و دیگر دیگر قانونی تقاضوں و خوراک کی تیاری کے بنیادی فوڈ سیفٹی اصولوں کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق غیر معیاری پانی اور خوراک کی تیاری عوامی صحت کیلئے سنگین خطرہ ہے غیر قانونی یونٹس کو کسی صورت کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔