کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی ڈائریکٹر نیب خرم شہزاد نے کہاہے کہ نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ، پنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں ،بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں، خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں، ان خیالات کااظہارانھوں نے گذشتہ روزنیب بلوچستان کےزیراہتمام بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں لسبیلہ یونیورسٹی آف اگریکلچر ، واٹر اینڈ مینجمنٹ سائنسز ، اوتھل کے باہمی اشتراک سے "نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار" کے عنوان سےایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کامقصد نوجوانوں بالخصوص طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان احتشام الحق، لسبیلہ یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر ناصر عباس اور دیگر مقررین نے یونیورسٹی کے طلباء اور فیکلٹی ممبرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔