• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ گوادر کے وی سی کی پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف سے ملاقات

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جامعہ گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر پروفیسر سید منظور احمد نے اکادمی ادبیاتِ پاکستان کی صدرپروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی جس میںعلمی و ادبی تعاون کے فروغ دونوں اداروں کے مابین باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے، مشترکہ علمی و ادبی کانفرنسوں کے انعقاد، تحقیقی سرگرمیوںاور کتب کے تبادلے جیسے اہم امور پر تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیاکہ ان اقدامات سے نہ صرف علمی میدان میں بہتری آئے گی بلکہ ملک میں ادبی سرگرمیوں کو بھی نئی جہت ملے گی۔ اس موقع پر قدیم مخطوطات کی اہمیت پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی، خصوصاً فارسی اور بلوچی مخطوطات کے تحفظ، تحقیق اور اشاعت کے امکانات پر غور کیا گیا۔ اس امر پر زور دیا گیا کہ یہ مخطوطات ہمارے تہذیبی ورثے کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی حفاظت اور ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بعد ازاں معزز وفد نے اکادمی میں قائم پاکستانی زبانوں کے ادبی اور لسانی عجائب گھر کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود نادر لسانی اور ادبی ذخیرے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اکادمی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ معدوم ہوتی ہوئی زبانوں سمیت تمام پاکستانی زبانوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایسی کاوشیں نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے مستقبل میں مسلسل رابطے، مشترکہ منصوبہ بندی اور عملی تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم کیا گیاتاکہ علمی و ادبی میدان میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جاسکےاس موقع پر جامعہ گوادر کے انجینئر عبدالباسط بھی ہمراہ تھے۔
کوئٹہ سے مزید