• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا روسی ہم منصب سے رابطہ، ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال

اسلام آ باد ( نیوز ر پورٹر) پاکستان نے مذاکرات کے سلسلے میں عالمی سطح پر رابطے کئے ہیں، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی،اس دوران ایران، امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا، عباس عراقچی نے دورہ اسلام آباد سے قبل فیلڈ مارشل آرمی چیف عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطے بھی کئے ، ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اسحاق ڈار سے گفتگو میں خطے کی صورتِ حال اور امریکا سے جنگ بندی سے متعلق امور زیرِ غور آئے، دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اور اسحاق ڈار کے درمیان گفتگوکے دوران فریقین نے خطے میں جاری صورتحال، جنگ بندی اور امریکا و ایران کے درمیان جاری سفارتی روابط کے تناظر میں اسلام آباد کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں خطے اور دنیا کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور وزارت کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ نائب وزیرِ اعظم نے علاقائی چیلنجزکے حل کےلئے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ تمام اہم امور پر فعال، مسلسل اور موثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔ تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کی حمایت میں دو طرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ نائب وزیراعظم نے تمام مسائل کے حل کے لئے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینے کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ اعلیٰ سطح کے روابط کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ روس کو جلد از جلد باہمی طور پر مناسب تاریخ پر دوبارہ شیڈول کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی جانب سے جمعہ کو ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق گفتگوکے دوران فریقین نے خطے میں جاری صورتحال، جنگ بندی اور امریکا و ایران کے درمیان جاری سفارتی روابط کے تناظر میں اسلام آباد کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیرِاعظم نے علاقائی امن اور استحکام کو جلد از جلد آگے بڑھانے کےلئے بقایا مسائل کو حل کرنے کےلئے بات چیت کے تسلسل اور موثر روابط کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خطے میں جلد از جلد امن اور استحکام کو فروغ دیا جاسکے۔ ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اس سلسلہ میں پاکستان کے مستقل اور تعمیری سہولت کاری کے کردار کو سراہا ۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

اہم خبریں سے مزید