ریاض (شاہد نعیم) سعودی عرب میں پاکستان کے نائب سفیر معظم علی نے کہا ہےکہ سعودی عرب پاکستانی کمپنیوں کے لئے انتہائی اہم ملک ہے جہاں وہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات کو بہتر انداز میں بروئے کار لاکر نہ صرف بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں بلکہ اس سے پاکستان کا امیج بھی بلند ہوگا اور قومی معیشت پر اسکے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں COLABS نرجس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر colabsکے سی ای او علی شاہ نے کہا کہ کمپنی کی سعودی عرب میں افتتاح اس کے علاقائی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق COLABS مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے ایک مشترکہ کام کرنے کا ماحول فراہم کرتا ہےتقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے افسران کے علاوہ سعودی اور پاکستانی کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ راکان الراشد اور فیصل الراشد بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران سرمایہ کاری، اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان کاروباری روابط سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ اختتام پر نیٹ ورکنگ سیشن منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے باہمی روابط اور ممکنہ تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔