اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق اور ناظمِ اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے مشترکہ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مدارس کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کرے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سےباز رہے، چاروں صوبوں میں وفاق کی ترتیب کے مطابق فی الفور قانون سازی کی جائے تاکہ مدارس کے معاملات میں یکسانیت پیدا ہو اور رجسٹریشن کا عمل آگے بڑھایا جا سکے۔قائدین وفاق نے بلوچستان میں بعض مدارس کو ہراساں کرنے اور انہیں سیل کرنے کی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور ناقابلِ قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس ملک میں دینی و تعلیمی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔