کراچی/لندن( مرتضیٰ علی شاہ ) سندھ حکومت نے وزارتِ داخلہ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ناروے کے صحافی رالف جے وائیڈروRolf J. Wideroe کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کیا جائے جو کہ شہید بینظیر آباد میں درج ایک فوجداری مقدمے میں تقریباً ایک کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کے الزام میں مطلوب ہیں۔محکمہ داخلہ، حکومت سندھ کی جانب سے 23 اپریل 2026 کو جاری کردہ ایک سرکاری خط کے مطابق اس سے قبل بھی نومبر 2022، 2024 اور 2025 میں وفاقی حکام کو اس معاملے میں خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ رالف جے وائیڈرو ناروے کے انتہا پسند دائیں بازو کے ٹیبلوئیڈ Verdens Gang کے چیف ایڈیٹر ہیں۔دستاویز کے مطابق، رالف جے وائیڈرو کو ایف آئی آر نمبر 225/2015 میں مطلوب قرار دیا گیا ہے، جو کہ تھانہ اے سیکشن نواب شاہ میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 420، 406، 506/2 اور ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت درج ہے۔رالف جے وائیڈرو کو 2015 سے پاکستان میں اشتہاری ملزم قرار دیا جا چکا ہے۔ ان کے خلاف مقدمہ نمبر 222/2015 بھی درج ہے، جس میں الزام ہے کہ انہوں نے ایک پاکستانی شہری مقصود علی کو ناروے کا پاسپورٹ دلوانے کا جھانسہ دے کر ایک کروڑ روپے ہتھیا لیے۔عدالتی دستاویز کے مطابق، "بھاری رقم وصول کرنے کے بعد رالف جے وائیڈرو نے پہلے مقصود علی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور بعد ازاں پاکستان سے فرار ہو گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مجاز عدالت سے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کیے، جبکہ ریڈ وارنٹ کے اجرا کی بھی درخواست کی گئی۔