اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سیکورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں مشترکہ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں 22 خوارج کو ہلاک کر دیا ، دہشت گردوں نے بلا اشتعال فائرنگ کرکے 10 سالہ معصوم بچہ شہید کر دیا، ہلاک بھارتی اسپانسر شدہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمدہوا، صدرآصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو مبارکباد دی۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ضلع خیبر میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر21 اپریل 2026 کو ایک مشترکہ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ہندوستان کے اسپانسرڈ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ بزدل دشمن نے زندہ پکڑے جانے کے خوف سے اندھا دھند فائرنگ کی جسکے نتیجے میں10 سال کا معصوم بچہ شہید ہوگیا۔ہلاک ہونے والے بھارتی اسپانسر شدہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہو سکتا تھا۔سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف جانب سے علاقے میں پائے جانے والے دیگر خارجیوں کو ختم کرنے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ ملک میں غیر ملکی دہشت گردی کی لعنت کو ختم کیا جا سکے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبار شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کیخلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔