کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سانحہ گل پلازہ کے 200متاثرین میں51کروڑ17لاکھ روپے معاوضے کے چیک تقسیم ،متاثرین کےلیے 7 ارب روپے کے جامع پیکیج کی منظوری دی جاچکی ہے ، تمام متاثرین کو معاوضہ ملےگا، کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا، سندھ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی کی جائےگی، دو سال کے اندر نیا گل پلازہ تعمیر کیا جائے گا،ایمرجنسی رسپانس نظام مضبوط بنانے کے لیے چینی کمپنی کے ساتھ ملکی ایک جامع فائر فائٹنگ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت سندھ نے گل پلازہ سانحہ متاثرین کے لیے 7ارب روپے کے جامع مالیاتی پیکیج کی منظوری دی ہے، جس میں سے 5.657 ارب روپے حاصل کر لیے گئے ہیں، جبکہ 200 تصدیق شدہ متاثرین میں 511.7 ملین روپے کے معاوضے کے چیکس تقسیم کیے گئے ہیں۔ حکومت نے ان کی مکمل بحالی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے گل پلازہ سانحے کو ایک المناک واقعہ قرار دیا، جس سے کئی خاندانوں اور تاجر برادری کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔تقریب میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، ضیا الحسن لنجار، جام اکرام اللہ دھاریجو، مکیش کمار چاولہ، سعید غنی، وزیراعلیٰ کے مشیر گیان چند اسرانی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان بشمول زبیر موتی والا، اور متاثرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔