کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پارٹی اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے ، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی ، کارکن حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات بروقت الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائیں ۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی ، صوبائی رہنما حاجی خان محمد بڑیچ ، سید ایوب آغا ، سٹی کے نائب صدر زبیر احمد بڑیچ ، ڈاکٹرز فورم کے صوبائی صدر ڈاکٹر عبید کاکڑ ، احسان اللہ ، اکبر خان ترین ، لالا صغیر کھرل ، خان محمد کاکڑ ، و دیگر نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حلقہ پی بی 43 چلتن ٹاؤن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں ڈاکٹر فورم کے صوبائی صدر ڈاکٹر عبید کاکڑ ، کوئٹہ سٹی کے سینئر نائب صدر سید ایوب آغا اور کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری اطلاعات احسان اللہ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہبلدیاتی انتخابات جمہوریت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، بلوچستان بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی نے پہلے بھی بھرپور کامیابی حاصل کی ہے اور کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی پارٹی بڑی جماعت بن کرسامنے آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاریاں جاری رکھیں اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، صدر مملکت آصف علی زرداری،آصفہ بھٹو، فریال تالپور کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں ۔