پشاور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) خیبر پختونخوا چیپٹر کے قیام کے حوالے سے ایک ادارہ جاتی بریفنگ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صوبائی صدر ڈاکٹر خالد فاروق نے بتایا کہ پی وی ایم اے خیبر پختونخوا چیپٹر کو باضابطہ طور پر رجسٹر کر لیا گیا ہے، جس کے ذریعے صوبہ بھر کے ویٹرنری ڈاکٹروں کو ایک متحد اور نمائندہ پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی وی ایم اے کوئی نیا ادارہ نہیں بلکہ مرکزی پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن کا صوبائی چیپٹر ہے، جو مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اسی وژن اور پیشہ ورانہ اصولوں کے تحت کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کی سطح پر پیشہ ورانہ تنظیموں کی مضبوطی ایک ناگزیر ضرورت بن چکی تھی، جس کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں پی وی ایم اے کے صوبائی چیپٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ڈاکٹر خالد خان (جنرل سیکرٹری، گورننگ باڈی) نے پی وی ایم اے کے قانونی اسٹیٹس کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ پی وی ایم اے کی رجسٹریشن لاہور اور سندھ میں موجود ہے، تاہم قانونی اور ادارہ جاتی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے خیبر پختونخوا میں پی وی ایم اے چیپٹر کی باقاعدہ رجسٹریشن ضروری تھی، تاکہ ایک مستند اور قابلِ قبول پلیٹ فارم کے تحت مستقبل کے انتخابات اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔