• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثقافت کے فروغ کیلئے مکالماتی نشست کے انعقاد کا فیصلہ

پشاور ( خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا میں ثقافت اور ثقافتی ورثے کے فروغ اور تحفظ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک میز بر بٹھا کر مکالماتی نشست منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ ثقافت کے شعبہ کو محض موسیقی اور ڈراموں تک محدود کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ اس بات کا فیصلہ کلچر جرنلسٹس فورم خیبر پختونخوا کے صدر احتشام طورو کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں نائب صدر امجد علی خادم اور فنانس سیکرٹری امجد ہادی یوسفزئی اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کی ثقافت اور ثقافتی ورثے کے فروغ اور تحفظ، مقامی فنکاروں کی فلاح و بہبود اور میڈیا کے مثبت کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فورم کے صدر احتشام طورو نے کہا کہ ثقافت اور ثقافتی ورثے کے فروغ اور تحفظ کے لئے تمام سنجیدہ حلقوں اور اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جلد مختلف اداروں کے سربراہان اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی جائینگی تاکہ صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پشاور میں جلد ایک مکالماتی نشست کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائیگا، تاکہ ان کی آراء کی روشنی میں جامع تجاویز مرتب کی جا سکیں۔ اجلاس کے شرکاء نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ ثقافت کو محض موسیقی اور اداکاری تک محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ حقیقت میں ثقافت ایک وسیع شعبہ ہے جس میں زبان، ادب، روایات اور طرزِ زندگی کے تمام پہلو شامل ہیں۔ انہوں نے اس میدان میں مزید سنجیدہ اور ہمہ جہت کام کی ضرورت پر زور دیا۔
پشاور سے مزید