پشاور(جنگ نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے چائنہ ونڈو کا دورہ کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور دوستی کے فروغ میں اس کے کردار کو سراہا۔دورے کے دوران انہیں چائنہ ونڈو کی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو دونوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لئے ایک منفرد پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے چینی ثقافت، تاریخ اور پاک چین دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار باز خان نے کہا کہ پاک چین دوستی پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ ترقیاتی اہداف پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اب بھی اس کی معاشی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری میں بھرپور تعاون کر رہا ہے۔نثار باز خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا جیسے علاقوں کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے ہیں۔