پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹوریٹ سپورٹس ضم شدہ اضلاع کے زیر اہتمام جاری گیمز کا فٹبال ایونٹ اختتام پذیر ہوگیا۔ فائنل پشاور سپورٹس کمپلیکس میں ضلع شمالی وزیرستان اور ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے درمیان کھیلا گیا، جو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی شوٹس پر جنوبی وزیرستان لوئر نے 4-5 سے اپنے نام کر لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیرِ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل خیبر پختونخوا آصف خان اور ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع عمر ارشد بھی موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی نے کامیاب ٹیموں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاج محمد خان ترند نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں کھیلوں کے فروغ کے لئے حکومت عملی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کے تمام علاقوں میں کھیلوں کی مساوی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مشیرِ وزیر اعلیٰ نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اور متعلقہ ٹیم کی شب و روز محنت کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔