• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلبہ کمیونٹی سنگین مسائل کا شکار ،کوئی مؤثر پلیٹ فارم بھی نہیں،وسیم حیدر

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ طلبہ کمیونٹی اس وقت سنگین مسائل کا شکار ہے، بدقسمتی سے ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی مؤثر پلیٹ فارم موجود نہیں۔ معاشرے کے ہر طبقے کے پاس نمائندگی کے لئے یونین موجود ہے، تاہم طلبہ کو اس بنیادی حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ تنظیمی دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین پر پابندی آمرانہ دور میں لگائی گئی تھی، جسے اب ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ طلبہ یونین کی بحالی کے لئے بھرپور اور منظم تحریک چلائی جائے گی اس جدوجہد میں کامیابی طلبہ کا مقدر ہوگی۔ ناظم اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ناظم اعلیٰ نے کہا کہ سہارا میڈیکل کالج نارووال میں طالبات پر انتظامیہ اور پولیس کے تشدد کے واقعات قابلِ مذمت ہیں تعلیمی اداروں میں ایسے رویئے کسی صورت برداشت نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کے وائس چانسلرز بعض اوقات اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں من مانے فیصلے کئے جاتے ہیں۔ طلبہ کو اپنے جائز حقوق کے لئے آواز اٹھانے سے روکا جاتا ہے، جس کے باعث وہ ذہنی دباؤ اور ہراسانی کا شکار ہو جاتے ہیں، بعض افسوسناک واقعات میں یہ صورتحال خودکشی جیسے انتہائی اقدام تک جا پہنچتی ہے۔
پشاور سے مزید