کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان سپر لیگ گیارہ میں ابتدائی چار گروپ میچ ہارنے والی نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین نے حیران طور پر راولپنڈیز کو108رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیدی، اس کے ساتھ ہی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا تخت وتاج چھن گیا۔ حیدرآباد نے پہلے ہی سال ٹاپ فور میں کوالی فائی کرلیا۔ حالانکہ گذشتہ میچ میں اسلام آباد کے خلاف حیدرآباد کی ٹیم 80رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی ۔ قلندرز نے گذشتہ چار سال میں تین سپر لیگ ٹائٹل جیتے تھے ۔ دو ارب45 کروڑ روپے کی ٹیم راولپنڈیز محمد رضوان کی قیادت میں دس میں سے9 میچ جیت سکی۔ لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کرپلے آف کیلئے امکانات روشن کر لئے تھے ۔ حیدرآباد کنگز مین نے 6وکٹ پر244رنز بنائے تھے۔ آخری چار ٹیموں میں کوالی فائی کرنے کیلئے اسے راولپنڈیز کو158 رنز تک محدود رکھنا تھا ، نوجوان حنین شاہ نے22 رنز دے کر چار وکٹ لئے اور راولپنڈیز 17.1اوورز میں136 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عثمان خواجہ 66 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے ۔ کپتان محمد رضوان 26، سیم بِلنگز 23، ڈائن فوریسٹر 6، سعد مسعود 5، عماد بٹ 3، آصف آفریدی 3، شاہزیب خان 1 جبکہ کامران غلام، محمد عامر اور بین سیئرز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ عاکف جاوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل حیدرآباد کے گلین میکسویل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔ انہوں نے تین چھکے اور 8 چوکے مارے۔ عثمان خان نے 54 رنز26 گیندوں پر چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے جبکہ کوشل پریرا اور حسن خان نے بالترتیب 30گیندوں پر50 اور 16 رنزچار گیندوں پر بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ معاذ صداقت 28، صائم ایوب 12، کپتان مارنس لبوشین 5 اور عرفان خان 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔بعد ازاں شام میں سپر لیگ گیارہ کے آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو چار وکٹ سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ مارک چیمپ مین نے69ناٹ آؤٹ33گیندوں پر چھ چھکوں اورچار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ کرس گرین پانچ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔سمیر منہاس ایک رن بناکرمحمد اسماعیل کا شکار بنے۔ڈیون کونوے18رنز آؤٹ ہوئے۔محسن ریاض نے25رنز اسکور کئے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز اسکور کیے ۔ شان مسعود 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔عماد وسیم، کرس گرین، فہیم اشرف، شاداب خان، سلمان ارشاد ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔