زیورخ (جنگ نیوز) فیفا نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں شریک تمام 48 ٹیموں کیلئے انعامی رقم میں مزید اضافے پر غور شروع کردیا ہے۔ تجویز کی منظوری منگل کو فیفا کونسل اجلاس میں متوقع ہے ۔ اگلے ایڈیشن کیلئے انعامی رقم گذشتہ سے 50 فیصد زیادہ یعنی 655 ملین ڈالر رکھی گئی ہے ، اسے مزید بڑھانے کی تجویز ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2023 سے 2026 کے دوران فیفا کی آمدنی 11 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ چیمپئن کو 50 ملین اور رنر اپ کو 33 ملین ڈالر ملیں گے، ابتدائی مرحلے سے باہر ہونے والی ٹیموں کیلئے 9 ملین ڈالر مقرر ہیں۔ ہر ٹیم کو تیاری کیلئے ڈیڑھ ملین ڈالر بھی دیے جائیں گے۔ ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک کھیلا جائے گا۔