• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عراقچی دو دن میں دوسری مرتبہ اسلام آباد کے دورے پر پہنچے

اسلام آباد،تہران (رانا غلام قادر، اے ایف پی) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی دو دن میں دوسری مرتبہ اسلام آباد کے دورے پر پہنچے، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی یہ 24گھنٹے میں انکی فیلڈ مارشل سے دوسری ملاقات ہے، دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان مستقل جنگ بندی کیلئے فریم ورک پر بات چیت کی،ایرانی وزیر خارجہ پاکستانی قیادت سے ملاقات کے بعد ماسکو کیلئے روانہ ہوگئے جہاں وہ روس کے صدر پیوٹن سے ملیں گے، قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ نے دورہ عمان میں سلطان ہیثم بن طارق السید سےمسقط میں ملاقات کی، جس میں انہوں نے علاقائی ممالک کو امریکی مداخلت سے آزاد مشترکہ سکیورٹی نظام تشکیل دینے پر زور دیا، عباس عراقچی نے اسلام آباد آمد سے قبل سعودی ہم منصب، قطری وزیراعظم، فرانسیسی اور مصری وزرائے خارجہ سے بھی ٹیلیفونک رابطے کیے، ایرانی وزیر خارجہ نے شہزادہ فیصل بن فرحان کو جنگ کے خاتمے کیلئے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، مصر کے ہم منصب سے گفتگو خطے میں امن واستحکام کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا،دوسری جانب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہو گی اور ہم فتح حاصل کریں گے‘ اگر ایرانی بات کرنا چاہتے ہیں تو وہ ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں،یہ واقعہ مجھے ایران کے خلاف جنگ جیتنے سے نہیں روک سکتا‘ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔ ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ کے دورے میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میںچیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے دودنوں میں دوسری ملاقات کی ہے۔ عباس عراقچی دو دن میں دوسری بار ہنگامی دورے پراتوارکو مسقط سے اسلام آباد پہنچے جہاں نور خان ایئر بیس پر ان کا ستقبال کیا گیا۔ اس سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ جمعہ کی رات اسلام آباد پہنچے تھے۔ جمعہ کے روز بھی انہوں نے اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی تھی، ان ملاقاتوں کے بعد عباس عراقچی مسقط روانہ ہوگئے اور پھر اتوار کی شام مسقط سے دو بارہ اسلام آباد پہنچے۔ذرائع کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی مختصر دورے کے بعد پاکستان سے روانہ ہوگئے۔ عباس عراقچی نےمختصر دورے میں پاکستانی سیاسی اور عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ایرانی خبرایجنسی کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ نے اتوار کے روزاسلام آ باد میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کا مقصد دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کے علاوہ ایرانی وزیر خارجہ کے ایجنڈے کا اہم نکتہ پاکستانی فریق کو جنگ کے خاتمے کیلئےایران کی شرائط ( موقف )سے آگاہ کرنا تھا۔پاکستانی قیادت سے ملاقات کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد سے ماسکو کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ ماسکو میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے کہا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی روسی دارالحکومت ماسکو کے دورے کے دوران صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کریں گے۔ کاظم جلالی نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ ماسکو میں ’مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال، جنگ بندی اور علاقائی پیش رفت کے بارے میں روسی حکام کے ساتھ بات چیت کرینگے۔قبل ازیں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے عمان کےسلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی جس میں آبنائے ہرمز سے محفوظ آمد و رفت اورعلاقائی سکیورٹی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید