کراچی (اخترعلی اختر ) آرٹس کونسل میں منعقدہ محفل موسیقی میں بلوچی ثقافت سے وابستگی رکھنے والوں کا غیر معمولی جوش و خروش۔ استاد نور بخش کی بینجو کی دھن پر جاندار اور دلکش پرفارمنس ، محفل لوٹ لی۔ تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام معروف بلوچی لوک فنکار استاد نور بخش کے میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد اوپن ایئر تھیٹر میں کیا گیا، جس میں شائقینِ موسیقی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کنسرٹ میں استاد نور بخش نے بینجو کی دھن پر اپنی جاندار اور دلکش پرفارمنس سے محفل کو گرما دیا اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔استاد نور بخش کی منفرد طرزِ گائیکی اور بینجو کی مسحور کن دھنوں نے شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا ، استاد نور بخش نے مشہور گانے "لیلی او لیلی " کی دھن پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔تقریب میں بلوچی ثقافت سے گہری وابستگی رکھنے والے افراد کا غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔