کراچی(سید محمد عسکری) ضیاء الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 9مئی سے شروع ہوں گے جو 6جون 2026تک جاری رہیں گے، ان امتحانات میں 50ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔ امتحانات کراچی اور اندرونِ سندھ کے پچاس سے زائد بڑے امتحانی مراکز پر لیے جائیں گے۔ ضیاء الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر انصار کے مطابق میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام مراکز پر سیکیورٹی عملہ اور نگران اسٹاف تعینات ہوگا جبکہ نقل کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے۔امتحانات کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے کے-الیکٹرک سے رابطہ کیا گیا ہے، جبکہ پولیس اور فائر بریگیڈ کو سیکیورٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا ضیا الدین بورڈ کے تحت تمام امتحانی کاپیاں کمپوٹرائز نظام امتحانات کے تحت جانچی جائیں گی جس میں غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے اور اسی لیے تمام نتائج کا اعلان دو ماہ کے اندر کردیا جائے گا۔