کراچی (نیوز ڈیسک)نیتن یاہو کے بڑے سیاسی حریف آئندہ اسرائیلی انتخابات کے لیے متحدہوگئے ،اپوزیشن رہنماؤں بینیٹ اورلاپڈ کی جماعتوں کا انضمام،آئندہ انتخابات میں نیتن یاہو کی شکست کی پیش گوئی،اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دو بڑے اور مضبوط سیاسی حریفوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں ان کی اتحادی حکومت کو ہٹانے کے لیے متحد ہو رہے ہیں، جن کے اس سال کے آخر میں ہونے کی توقع ہے۔سابق وزرائے اعظم دائیں بازو کے نفتالی بینیٹ اور اعتدال پسند یائر لاپڈ نے بیانات جاری کرتے ہوئے اپنی جماعتوں ’’بینیٹ 2026‘‘ اور ’’یش عتید“ کے انضمام کا اعلان کیا۔اپوزیشن لیڈر لاپڈ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد اتحاد کو مضبوط بنانا، اندرونی اختلافات کا خاتمہ کرنا اور تمام تر توجہ آئندہ اہم انتخابات جیتنے اور اسرائیل کو مستقبل کی طرف لے جانے پر مرکوز کرنا ہے۔