اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف ،قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اورسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وائٹ ہاؤس کریسپانڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے فائرنگ کے واقعہ پر گہرے صدمے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اوّل واقعہ میں محفوظ رہے،صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ دہشتگردی کی ایک گھناؤنی شکل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو ایکس پر اپنے بیان میں وائٹ ہاؤس میں فائرنگ کے واقعہ پر گہرے صدمے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا وائٹ ہاؤس کاریسپانڈنٹس ایسوسی ایشن ڈنر کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعہ پر گہرا صدمہ ہوا۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ صدر ٹرمپ، خاتونِ اول اور دیگر شرکا ءواقعہ میں محفوظ رہے۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سلامتی کیلئے دعا کی۔ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے قابلِ مذمت ہیں ۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں یہ جان کر اطمینان ہوا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور خاتونِ اول محفوظ ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم ہر قسم کے تشدد کی سختی سے مذمت کرتے ہیں کیونکہ تشدد سفارت کاری کا دشمن ہے اور کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ برداشت ہےہماری نیک تمنائیں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کے ساتھ ہیں۔سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتونِ اول اور دیگر شرکاء کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے صدر ٹرمپ اور دیگر شرکاء کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے معاشرے میں امن و برداشت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔