اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے خلیجی ممالک جانے والی شپمنٹس میں حالیہ تاخیر کے باعث متاثرہ برآمدکنندگان کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے ٹرمینلز پر اسٹوریج چارجز میں25سے50فیصد تک چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے،جنید انوار چوھدری نے بتایا کہ یہ سہولت ان برآمدی کنٹینرز پر لاگو ہوگی جو آپریشنل مسائل کے باعث جہازوں پر لوڈ نہ ہو سکے اور ٹرمینل یارڈز میں پھنسے رہے۔برآمدکنندگان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹرمینل آپریٹرز کے ساتھ تعمیری مشاورت کے بعد چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد (ر) نے وزیر بحری امور کی ہدایت پر اقدامات کی قیادت کی۔ جی ٹی ایل میں یکم سے 20مارچ 2026ء تک 50فیصد، کے آئی سی ٹی میں یکم سے 10مارچ 2026ء تک 50فیصد جبکہ ایس اے پی ٹی میں 11سے 31مارچ 2026ء تک 25فیصد اسٹوریج چارجز میں رعایت دی گئی۔ اس اقدام کا مقصد درآمدکنندگان و برآمدکنندگان پر مالی دباؤ کم کرنا، زیر التواء کھیپوں کی کلیئرنس کو یقینی بنانا اور کارگو ہینڈلنگ کے عمل کو تیز بنانا ہے۔محمد جنید انوار چوہدری نے کراچی بندرگاہ کے چئرمین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ برآمدی شعبے کیلئے ایک مثبت پیش رفت ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے اور لاجسٹک رکاوٹوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحری اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ زیادہ سہولت کار اور تجارت دوست پالیسی اپنائیں تاکہ آپریشنل تاخیر اسٹیک ہولڈرز کے لیے غیر ضروری اخراجات کا باعث نہ بنے۔