• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا میں طاقت کا مرکز تبدیل، ٹرمپ کی احمقانہ پالیسیوں نے امریکا کو تنہا کردیا، حافظ نعیم

لاہور،سرگودھا(نمائندہ خصوصی،نمائندہ جنگ، نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نےکہا ہے کہ پوری دنیا میں طاقت کا مرکز تبدیل ہو رہا ہے امریکہ کا زوال شروع ہوگیا ،ٹرمپ کی احمقانہ پالیسوں نے امریکہ کو دنیا میں تنہا کردیا ہے۔پاکستان میں موجودہ حکمرانوں نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کرکے غریب عوام کا جینا مزید مشکل کردیا،فیصلہ واپس لیا جائے۔ملک کے ارب پتی لوگ بینکوں سے قرضے معاف کرواتے ہیں جبکہ عام آدمی کا بجلی کا بل گھر کے کرائے سے تجاوز کر چکا ہے۔ سرگودھا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ عملاً امریکہ شکست کھا چکا ہے ایران کو فتح مل چکی ہے ، حافظ نعیم نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ میں غیر مقبول جبکہ پوری دنیا میں مذاق بن کر رہ گیا ہے کوئی اسکی بات کو سنجیدہ نہیں لے رہا،حافظ نعیم نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ فیس سیونگ اور مڈ ٹرم الیکشن کے لئے کچھ چیزیں چاہتا ہے سیل کرنے کے لئے ، پاکستان نے ایران اور امریکہ میں مفاہمت اور مذکرات کو جو دروازہ کھول رکھا ہے یہ بڑا اور اچھا اقدام ہے ، پاکستان کا ایک بڑا اور اچھا اقدام ایران اور خلیجی ممالک میں فاصلے کم کرنا بھی ہے ، حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی مسیحی برادری اور پوپ صاحبان اب اسرائیل اور امریکہ کے خلاف کھڑے ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ، پاکستان میں موجودہ حکمرانوں نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کرکے غریب عوام کا جینا مزید مشکل کردیا ہے ، ان حالات میں پیٹرول پر 107 روپے لیوی وصول کرنا عوام دشمنی ہے ، اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید