• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

CSA میں تاریخ رقم، بلوچستان سے افسر سالار بلوچ نے صدارتی گولڈ میڈل جیت لیا

لاہور (آصف محمود بٹ)سول سروسز اکیڈمی (CSA) میں تاریخ رقم، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افسر سالار بلوچ نے صدارتی گولڈ میڈل جیت لیا۔ اکیڈمی ذرائع کے مطابق سالار بلوچ نے تربیت کے ہر مرحلے میں مستقل مزاجی، سنجیدگی ، غیر معمولی محنت کیساتھ اپنی برتری برقرار رکھی۔ او ایم جی کی سطح پر بھی یہ پہلا موقع ہے کہ کسی افسر نے یہ اعزاز حاصل کیا ہو، تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام کی شرکت۔ ملک کی بیوروکریسی میں نمایاں کارکردگی، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی سطح پر نمائندگی کے فروغ کی ایک روشن مثال سامنے آئی ہے جہاں سول سروسز اکیڈمی لاہور میں منعقدہ 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے اختتامی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں آفس مینجمنٹ گروپ (او ایم جی) سے تعلق رکھنے والے پروبیشنری افسر سالار بلوچ نے صدر پاکستان گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ بلوچستان کے پسماندہ علاقے پنجگورسے تعلق رکھنے والے سالار بلوچ نے نہ صرف اپنے گروپ بلکہ پورے تربیتی بیچ میں غیر معمولی برتری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر یہ باوقار اعزاز حاصل کیا۔ یہ امر بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ صدارتی گولڈ میڈل سول سروسز اکیڈمی کا سب سے اعلیٰ اور باوقار اعزاز سمجھا جاتا ہے جو اس پروبیشنر کو دیا جاتا ہے جو تربیتی مدت کے دوران تعلیمی کارکردگی، فکری صلاحیت، عملی تربیت، جسمانی فٹنس، نظم و ضبط، قیادت کی صلاحیت اور مجموعی کردار سمیت تمام پیمانوں پر نمایاں ترین کارکردگی دکھائے۔

اہم خبریں سے مزید