• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ کوالیفائر آج، پشاور زلمی کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا چیلنج درپیش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ گیارہ میں چار ٹیموں کا سفر ختم ہوگیا ہے۔ باقی رہ جانے والی چارٹیمیں ٹرافی کے حصول کیلئے منگل سے ایکشن میں ہوں گی۔ بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی کا مقابلہ کوالی فائر میں شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا ۔ پہلا ایلیمینیٹر میچ 29 اپریل کو حیدرآباد کنگزمین اور ملتان سلطانز کے درمیان لاہور میں ہوگا۔ حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کے خلاف نا قابل یقین فتح حاصل کرکے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو بہتر نیٹ رن ریٹ پر ایونٹ سے باہر کردیا۔ لاہور نے ایک دن پہلے کراچی کنگز کو آؤٹ کیا تھا۔ پشاور زلمی کی ٹیم 17 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔ کوالیفائر میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرلے گی جبکہ شکست خوردہ ٹیم اور ایلیمینیٹر ون کی فاتح ٹیم جمعے کو فائنل میں رسائی کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی۔ پشاور زلمی کی فتوحات کے مرکزی کردار کوشل مینڈس اور بابر اعظم کی جوڑی ہے۔ کوشل مینڈس نے ٹورنامنٹ میں 500 اوربابر اعظم نے 485 رنز بنائے ہیں۔ بولنگ کے محاذ پر، سفیان مقیم 19 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں اور اس کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی16 وکٹیں ہیں۔ پیر کو آرام کا دن تھا۔ شام کو پشاور زلمی نے پریکٹس کی۔ نیٹ پر بابر اعظم نے مصباح الحق کے ساتھ بھرپور بیٹنگ مشقیں کیں۔