کراچی (شکیل یامین کانگا/ اسٹاف رپورٹر) یوئیفا انڈر-16 ڈیولپمنٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے روس کا ڈٹ کر مقابلہ تو کیا لیکن فیصلہ اپنے حق میں نہ کرسکی۔ اسے 2-1 شکست کا سامنا رہا۔ گول کیپر نویداللہ نے متعدد حملے ناکام بنائے ۔ پیر کو قازقستان کے شہر شمکینت میں ساتویں منٹ میں الیکساندر براگینیٹس نے روس کو برتری دلائی ۔ پہلے ہاف میں محمد حنظلہ کو گول کا موقع ملا جسے حریف گول کیپر نے ناکام بنادیا۔ دوسرے ہاف میں 50ویں منٹ میں دانش مسیح کے ہیڈر کے ذریعے پاس پر شہراز خان نے گول کرکے میچ برابر کردیا۔ 72ویں منٹ میں عیسیٰ کو دوسرا یلو کارڈ کے سبب گراؤنڈ سے باہرجانا پڑا۔ اگلے ہی منٹ میں میکسم ایوانوف نے دوسرا اور فیصلہ کن گول کردیا ۔