• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھابیجی 3 بڑی لائنیں پھٹ گئیں، کراچی میں ایک ہفتے پانی کا بحران رہے گا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی تین بڑی لائنیں ایک ساتھ پھٹ گئیں پیر کی سہ پہر پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث رائزنگ مین 1,2اور5 نمبر پانی کے بیک پریشر سےپھٹ گئیں اور14 میں سے سات پمپ سےکراچی کو پانی کی سپلائی رک گئی، ان کی مرمت کو پانچ سے سات دن لگیں گے اس طرح کراچی میں آئندہ ایک ہفتے تک پانی کاشدید بحران ہو گا ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلے بھی لائنیں پھٹتی رہی ہیں لیکن ایک ساتھ تین لائنیں کبھی نہیں پھٹیں جو تشویشناک ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔واضح رہے واٹر کارپوریشن نے تین دن پہلے ہی دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پرایک لائن کو ملانے کے لئے دو دن کاکلو زر لیاتھااورکراچی کو پانی کم فراہم کیا جا رہا تھا گزشتہ روز ہی یہ کام مکمل ہوا تھا لیکن تین لائین ایک ساتھ پھٹنے سے پانی کی سپلائی آدھی رہ گئی ہےدھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 550ایم جی ڈی پانی سپلائی کیا جاتاہےلیکن اب یہ کم ہو کر275 ایم جی ڈی سپلائی ہو سکے گا کراچی کو پانی کی سپلائی کا دوسرا ذریعہ حب ڈیم ہے یہاں سے 100ایم جی ڈی کی سپلائی ہو تی ہےدریں اثنا کراچی واٹر کارپوریشن نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا اچانک بڑا بریک ڈاؤن ہونے سے شہر میں پانی کی فراہمی کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے سیکنڈ فیز میں بجلی کا اچانک بریک ڈاؤن پیش آیا، جس کے نتیجے میں بجلی کی بندش اور پانی کے دباؤ (بیک پریشر) کے باعث پی آر سی سی کی دو لائنیں اور ایم ایس کی ایک لائن متاثر ہو گئی ایم ایس لائن نمبر 5تین مختلف مقامات پر متاثر ہوئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید