کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہرین میجر جنرل (ر) زاہد محمود اور اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان کی پرفارمنس مثالی تھی، بھارت اور اسرائیل اب ایران کے راستے سے گڑ بڑ نہیں کرسکتے بی ایل اے کا راستہ بند ہوچکا ہے۔ وہ جیونیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کے میڈیا کی پاکستان پر نظر ہے اور انتظار کیا جارہاہے کہ ثالثی کے نتیجے میں پاکستان کی کوششیں کامیاب ہوتی ہیں یا نہیں ہوتیں۔ آج ہم اس بات کو زیر بحث لائیں گے کہ ایران و امریکہ کا پاکستان پر بھرپور اعتماد کی وجہ کیا ’معرکہ حق‘ ہے یا کوئی اور وجوہات ہیں ؟ میزبان نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں معرکہ حق کی کامیابی کی بڑی وجہ پاکستانی قوم کا اتحاد تھا۔ امریکہ میں یہ بات بھی کی جارہی ہے کہ ٹرمپ کو جو زبان اچھی لگتی ہے پاکستان نے اسی کو اختیار کرتے ہوئے ٹرمپ کو دو دفعہ نوبل پیس پرائز کے لئے نامزد کیا جس کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔