اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی آئینی عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن رولز کی کالعدم قرار دی گئی دفعات بحال کر دیں جسکے نتیجے میں حکومت کو شہریوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے اور پاسپورٹ غیرفعال کرنے کا اختیار دوبارہ حاصل ہو گیا ہے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پیر کو کیس کی سماعت کی اور حکومتی اپیل کو باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کر لیا۔بنچ میں جسٹس سید ارشد حسین اور جسٹس روزی خان بڑیچ بھی شامل تھے۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا یہ وہی کیس ہے جس میں شہری غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں۔