لندن(اے ایف پی) اقوامِ متحدہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنےوالےبحری جہازوں سے ٹول ٹیکس کو بلاجوازقراردیکرمسترد کردیا۔ایران کی جانب سے بحری گزرگاہ کی بندش اور ٹرانزٹ فیس کی وصولی کے اعلان کے بعد یو این میری ٹائم ایجنسی کے سیکرٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیوز نے ایک پریس کانفرنس میںکہا کہ آبنائے پر کسی بھی قسم کے ٹیکس، کسٹمز یا فیس کے نفاذ کا کوئی قانونی جواز نہیں،علاوہ ازیں انہوں نے آئی ایم او کی میری ٹائم پروٹیکشن کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے اس خیال کو سختی سے مسترد کر دیا کہ بحری گزرگاہ کے دوبارہ کھولے جانے میں کسی قسم کی فیس کی ادائیگی شامل ہو سکتی ہے۔ڈومنگیوز نے یہ بھی کہا کہ خلیج میں بحری جہازوں پر پھنسے ہوئے تقریباً 20 ہزار ملازمین کاانخلاء اسی صورت ممکن ہےجب آبنائے مکمل طور پر محفوظ ہو جائے۔