کراچی(اسٹاف رپورٹر) اپاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) طلبہ کے حالیہ خودکشی کے واقعات، بشمول محمد میڈیکل کالج میرپورخاص کی تیسری سال کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی افسوسناک موت، کی تحقیقات کو فعال طور پر آگے بڑھا رہی ہے۔ان کارروائیوں کے تسلسل میں، پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو کیس کی متوازی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ عمل کو تیز کیا جا سکے، آزادانہ جائزہ یقینی بنایا جا سکے اور تفصیلی معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔اس سلسلے میں پی ایم اینڈ ڈی سی کی ایک سینئر افسر کو متاثرہ خاندان کے گھر بھیجا گیا۔ انہوں نے کونسل کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا اور واقعے سے متعلق ابتدائی معلومات حاصل کیں۔ افسر نے متاثرہ طالبہ کے گھر جا کر اہلخانہ سے ملاقات کی تاکہ واقعے کے حالات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔ ان کی رپورٹ باضابطہ طور پر جمع کروا دی گئی ہے اور فی الحال زیرِ غور ہے۔ خاندان کے مطابق مرحومہ واقعے سے قبل کئی دنوں سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، جس کی وجہ مبینہ طور پر بعض افراد، بشمول ساتھی طلبہ کی جانب سے مسلسل ہراسانی بتائی گئی ہے۔