کراچی( ثاقب صغیر )جعلی سفری ریکارڈ پر بیرون ملک جانے اور حوالہ ہنڈی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔مسافروں کی شناخت احسان اللہ اور انور علی کے ناموں سے ہوئی ہے جو کہ بونیر کے رہائشی ہیں ۔دونوں مسافر ملائیشیا جانے کے لیے وزٹ ویزا پر روانہ ہو رہے تھے۔جانچ پڑتال کے دوران پاسپورٹس پر ملائیشیا، عمان اور کراچی کے مشتبہ امیگریشن اسٹیمپس پائے گئے۔دوران تفتیش مسافروں نے ایجنٹس کے ذریعے جعلی اسٹیمپس حاصل کرنے کا اعتراف کیا۔اسٹیمپس میں فونٹ، اسپیسنگ، سیکیورٹی فیچرز اور دیگر تکنیکی خامیاں پائی گئیں۔آئی بی ایم ایس ویری فکیشن کے دوران کسی قسم کی سفری ہسٹری موجود نہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے سی بی سی پشاور نے کابوٹور چوک دلازک روڈ پر کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم محمد عدنان ولد خیستہ رحمان کو گرفتار کرلیا۔ملزم کے قبضے سے 2 کروڑ 99 لاکھ 90 ہزار روپے اور دیگر شواہد برآمد کیے گئے۔حکام کے مطابق ملزم بغیر لائسنس غیر قانونی حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہا تھا۔ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔