واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے پیر کو مشہور امریکی کامیڈین اور ٹاک شو میزبان جِمی کِمیل پر شدید تنقید کی۔ یہ ردِعمل کمیل کے اس طنزیہ جملے پر سامنے آیا جس میں انہوں نے میلانیا ٹرمپ کو ’’expectant widow‘‘ یعنی شوہر کی موت کا انتظار کرنے والی سے تشبیہ دی تھی۔ واضح رہے کہ ہفتے کی رات (26؍ اپریل) واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے صحافیوں کے عشائیے کے موقع پر ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر دی تھی۔ امریکی انتظامیہ کے مطابق اس شخص کا مبینہ ہدف صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سرکاری اہلکار تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد اسے قابو کر لیا۔ جِمی کمیل نے گزشتہ جمعرات کو اپنے پروگرام میں کہا تھا کہ ’’Mrs Trump, you have a glow like an expectant widow.‘‘ یہ جملہ اس لیے زیادہ حساس بن گیا کیونکہ صدر ٹرمپ جون 2026ء میں 80؍ سال کے ہو جائیں گے اور وہ امریکی تاریخ کے سب سے عمر رسیدہ صدر ہیں، جبکہ سلووینیا میں پیدا ہونے والی میلانیا ٹرمپ سابق ماڈل ہیں اور 56؍ سال کی ہیں۔