اسلام آباد( رانا غلام قادر) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کو اللہ تعالی نے قیمتی پتھروں سمیت قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال کیا ہے ،سینٹرز آف ایکسیلنس کے قیام میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے یہ اظہار پیر کے روز ملک میں تین سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام پر منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔وزیراعظم نے قیمتی پتھروں کی برآمدات میں اضافے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی و پراسیسنگ کی بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگی اور انکی برآمدات میں اضافے کےعزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں مقامی وسائل سے برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام میں شفافیت کے عنصر کو اہمیت دی جائے۔وزیرِ اعظم نے پاکستانی قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے بعد برآمدات میں اضافے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ذمہ داری وزارت منصوبہ بندی کو سونپ دی۔ وزارت منصوبہ بندی جلد جامع لائحہ عمل مرتب کرکے وزیرِ اعظم کو پیش کریگی۔ اجلاس کو قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور کان کنی کے جدید طریقوں کو رائج کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ قیمتی پتھروں کی کٹائی، تراش خراش اور انہیں زیورات میں مزین کرنے کے قابل بنانے کے حوالے سے حکومت تین سینٹرز آف ایکسیلینس کا قیام عمل میں لارہی ہے۔