کراچی( ٹی وی رپورٹ) سابق وزیر خزانہ حفیظ پاشا نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اگر آبنائے ہرمز بند رہا تو مزید اثرات آئیں گے۔ ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا بظاہر بنیادی مقصد مہنگائی کو کنٹرول اور فارن ایکسچینج ریزرو حاصل کرنا ہے۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار کامران یوسف نے کہا کہ مذاکرات معطل نہیں سفارتکاری جاری ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی میں امریکہ و ایران کا براہ راست مذاکرات کا سلسلہ فی الحال تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔تاہم بالواسطہ بات چیت کا سلسلہ اب بھی جارہی ہے ۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بہت زیادہ متحرک ہیں انہوں نے روس میں کہا ہے کہ ایران اس وقت سپر پاور کے خلاف کھڑا ہے اور انہیں ایک بھی کامیابی نہیں مل سکی ہے اس لئے ٹرمپ نے مذاکرات کی درخواست کی ہے جس پر ہم غور کر رہے ہیں اور یہ خبریں بھی آرہی ہیں کہ انہوں نے امریکہ کے لئے ایک نیا پرپوزل پاکستان کے حوالے کر دیا ہے جس میں آبنائے ہرمز اور جنگ کے خاتمے کے معاملات شامل ہیں۔