کراچی(مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر) مددگار 15نظام کی ناقص کارکردگی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ایمرجنسی حالات میں بروقت مدد نہ ملنے پر عوامی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی جہاں اسٹریٹ کرائم اور منظم جرائم کی بھر مار ہے ایسے میں شہریوں کو ایمر جنسی کی صورت میں پولیس مدد کے لئے متعارف کرایا گیا نظام مدد گار 15 کی ناقص کارکردگی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مددگار 15 پر بارہا کال کرنے کے باوجود یا تو کال موصول نہیں ہوتی یا طویل انتظار کے بعد بھی کوئی موثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آتی۔ متعدد افراد نے شکایت کی ہے کہ15پر کال کرنے پراور تو نمبر کنیکٹ ہی نہیں ہوتا۔ اس سلسلہ میں موقف جاننے کے لئے ایس ایس پی مدگار 15حفیظ اللہ بگٹی سے رابطہ کرنے کے لئے ان کو واٹس ایپ پر متعدد بار کال کی گئیں اور انکے واٹس ایپ پر سوال نامہ بھی ارسال کیا گیا تاہم ان کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا ۔