اسلام آباد ( طاہر خلیل ) اختر مینگل کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن، صوبائی حکومت کی مخالفت، الیکشن کمشنر فیصلہ کرینگے ، صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ حالات خراب ہیں، انتخابی عملے کو سیکورٹی نہیں دے سکتے جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ آئین کے تحت الیکشن کرانے کے پابند ہیں۔ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن ،چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، سیکرٹری الیکشن کمیشن ودیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیاکہ حلقہ این اے 256 خضدار کی سیٹ اختر مینگل کے استعفی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ جس پر الیکشن کمیشن نے 13فروری 2026کوالیکشن پروگرام جاری کیا ،ضمنی الیکشن کی پولنگ سے پہلے حکومت بلوچستان کی درخواست پر امن وعامہ کی خراب صورتحا ل کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے 27مارچ 2026کو ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کر دیا تھا۔