• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین سے تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ کیلئے پُرعزم ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد( رانا غلام قادر) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے تجارتی وسرمایہ کاری تعلقات کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں،حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے یہ بات منگل کے روز یورپی یونین کے سینئر حکام اور ممتاز یورپی کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔یورپی وفد میں شامل رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ مختلف شعبوں میں B2B تعلقات کو فروغ دینے کے قوی امکانات ہیں، وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل پارٹنرشپس کے ڈائریکٹر (ایشیا پیسفک) مسٹر پیٹرس اسٹبس کررہے تھے۔وفد میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل پارٹنرز ، یورپین انویسٹمنٹ بینک تھوریا تریکی ، ایڈیڈازکے نائب صدر مینیول پاؤزر، ایندراتزکے نائب صدر کارل شلوگل باؤر، آئیکیاکے ریجنل ڈائریکٹر ڈائیٹر میٹکے شامل تھے۔ وفد میں پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کیروبلس بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے یورپی یونین کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور پاکستان سے برآمدات کے سب سے زیادہ حجم کی منزل ہے۔

اہم خبریں سے مزید