اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین میں چیئرمین ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹیچو سکوائر میں چیئرمین ماؤ کے مجسمے پر گلدستہ رکھا اور چینی انقلابی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے ماؤ زے تُنگ میموریل میوزیم کا دورہ کیا۔ منگل کو ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کا استقبال سینئر پارٹی رہنما لی جیانگ اور ڈائریکٹر شاؤشان ایڈمنسٹریشن ژانگ شی ہوئی نے کیا۔ انہوں نے صدر مملکت کو چیئرمین ماؤ زے تُنگ کی زندگی اور جدوجہد سے آگاہ کیا اور شاؤشان میں ان کے ابتدائی دور اور ان عوامل پر روشنی ڈالی جنہوں نے ان کی سیاسی سوچ کو تشکیل دیا۔ صدر مملکت کو اس بات پر بھی بریفنگ دی گئی کہ اس طرح کےیادگاری ادارے تاریخی مواد کو محفوظ رکھنے اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسٹیچو سکوائر پر ہونے والی تقریب کے بعد صدر مملکت نے ماؤ زے تُنگ میموریل میوزیم کا دورہ کیا جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے تاریخی نوادرات، ریکارڈ اور تصاویر دیکھیں جن میں چین کی انقلابی تاریخ کے اہم مراحل کو پیش کیا گیا تھا۔ صدر کے ہمراہ دیگر کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔