اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) یورپی کاروباری وفد کی تعریف پر شہبازشریف نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے میری صبح خو شگوار بنا دی‘، وزیر اعظم کا کہنا تھا یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور برآمدات کی سب سے بڑی منڈی بھی ہے، ای یو اعلیٰ حکام اور بڑی کمپنیوں کے ایگزیکٹوزکے وفد نے شہباز شریف سے ملاقات کی ،وزیر اعظم نے سرمایہ کاری و تجارت بڑھانے پر زوردیا۔ یورپی یونین کے اعلیٰ حکام اور یورپ کی بڑی کمپنیوں ایڈیڈاس، آئی کے ای اے اور اینڈریٹز کے سینئر ایگزیکٹوز پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح وفد نے منگل کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور ان کے مثبت بیانات سے اتنے متاثر ہوئے کہ وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا: ’’آپ نے میری صبح خو شگوار بنا دی‘‘یہ وفد یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت کے لیے پاکستان میں موجود ہے اور اس ملاقات کے دوران اسلام آباد کی معاشی استحکام کی کوششوں اور علاقائی امن کے لیے اقدامات کی خوب تعریف کی گئی، جس پر وزیراعظم کا یہ غیر رسمی اور خوشگوار جملہ سامنے آیا جسے حکام نے دونوں فریقین کے درمیان گرمجوشی کی علامت قرار دیا۔