کراچی(اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیرمین پروفیسر فقیر محمد لاکھو نے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس،آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، خصوصی امیدواروں کے سالانہ امتحانات برائے 2026 ء کے پہلے مرحلہ کا آغاز بدھ 29 اپریل 2026ء سے ہوگا جو پیر 15 جون 2026ء تک جاری رہیں گے۔ ان امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظمہ امتحانات زرینہ راشد بھی موجود تھیں۔ پروفیسر لاکھو نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء کیلئے صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 175 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں 130 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 45 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔