کراچی (اسٹاف رپورٹر) معاذ صداقت اور عثمان کی شاہانہ بیٹنگ کی بدولت حیدر آباد کنگز مین نے سلطانز کا قلعہ فتح کرلیا، پہلے ایلیمنیٹر جیت کر پی ایس ایل فائنل میں پہنچنے کی امیدیں روشن کرلیں ۔ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں حیدر آباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، فاتح ٹیم نے160 رنز کا ہدف دو وکٹ پر پورا کرلیا، معاذ صداقت اور عثمان خان نے دوسری وکٹ کیلئے 102رنز جوڑے۔ عثمان خان نے35 گیندوں پر8 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، اوپنر معاذ صداقت نے33 گیندوں پر4 چوکوں اور4چھکوں کی مدد سے64 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کئے۔ صائم ایوب15 گیندوں پر15کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ قبل ازیں حیدر آباد کے کپتان مارنس لبوشین نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا ۔ حیدر آباد کے بولرز نے صرف93 رنز پر ملتان کے سات بہترین بیٹرز کو پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ شان مسعود نے 46 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 69 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر سلطانز کو 9 وکٹوں پر 159 رنز بنانے میں مدد دی ۔ اسٹیون اسمتھ 13، صاحبزادہ فرحان 15، جوش فلیپی 6 ، کپتان ایشٹن ٹرنر 9، عرفات منہاس ایک، محمد نواز18 ، محمد عمران 2، پیٹر سیڈل9 ، فیصل اکرم4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کنگزمین کے محمد علی ، عاکف جاوید اور حنین شاہ نے دو، دو وکٹ لیے ۔